حکومتی اتحاد کے مرزا محمد آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب

پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) میں حکومتی اتحاد کے مرزا محمد آفریدی ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے۔

پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) میں صادق سنجرانی نے چیئرمین منتخب ہونے کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کرایا جس میں حکومتی اتحاد کے مرزا محمد آفریدی اور اپوزیشن کے مولانا عبدالغفور حیدری مد مقابل تھے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں ایوان میں موجود 98 سینیٹرز نے ووٹ کاسٹ کیے۔

چیئرمین سینیٹ نے نتائج کا اعلان کیا کہ مرزا محمد آفریدی 54 ووٹ لے کر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے جبکہ مدمقابل اپوزیشن اتحاد کے مولانا عبدالغفور حیدری 44 ووٹ لے سکے ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا اور یوں حکومتی امیدوار نے اپوزیشن امیدوار سے 10 ووٹ زیادہ لیے ہیں۔