کراچی کیلئے سی پیک کے تحت بڑے اقتصادی ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کا آغاز

کراچی: وزارت بحری امور نے سی پیک کے تحت کراچی کے لیے بڑا اقتصادی ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ شروع کردیا۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا کہ اسلام آباد اور بیجنگ میں منعقد کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا، دونوں ممالک نے کراچی کوسٹل کمپریہنسیو ڈویلپمنٹ زون سی پیک میں شامل کرنے پر اتفاق کیا ہے اور کراچی کوسٹل کمپریہنسیو ڈویلپمنٹ زون منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بحری امور کی وزارت کا ایک بہترین اقدام ہے اور منصوبے سے کراچی دنیا کی سر فہرست بندرگاہوں میں شامل ہوگا، منصوبہ کے پی ٹی کے ساتھ شراکت میں براہ راست چینی سرمایہ کاری پر بنایا جائے گا جب کہ منصوبے کی متوقع سرمایہ کاری تقریباً 3.5 بلین ڈالر ہے، یہ منصوبہ 20 ہزار سے زائد خاندانوں کو رہائشی آباد کاری بھی فراہم کرے گا۔