مسجدالحرام اور مسجد نبویؐ میں نماز کیلئے سماجی فاصلے کی شرط ختم

مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ﷺ میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے عائد کی گئی سماجی فاصلے کی پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں۔

الحرمین الشریفین انتظامیہ نے سماجی فاصلے کے لیےلگائی گئی علامتیں ہٹا دی ہیں جس کے بعد مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں آج سے سماجی فاصلے کے بغیر نمازیں ادا کی جائیں گی۔

الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کورونا وبا سے قبل کی صفوں کی اصل حالت کو بحال کیا جا رہا ہے جس کے بعد اب مکمل افرادی گنجائش کے ساتھ نمازیں ادا کی جاسکیں گی۔

انتظامیہ کے مطابق مسجدالحرام کے صحن مطاف میں بھی سماجی فاصلے کے لیے لگائی گئی علامتیں ہٹا دی گئی ہیں۔

طواف یا سعی کرنے والوں کے لیے سماجی فاصلے کا اصول ختم کر دیا گیا ہے تاہم ماسک کی پابندی برقرار ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم علیہ السلام کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیے گئے ہیں۔