سپریم کورٹ کا کراچی میں تجوری ہائٹس کو گرانے کا حکم

کراچی:  سپریم کورٹ نے کراچی میں تجوری ہائٹس کو ایک ماہ میں گرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کمشنر کراچی کو انہدام کی نگرانی کرنے کی ہدایت کر دی۔ مالک نے جگہ خالی کرنے کی حامی بھرلی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ریلوے اراضی پر تجوری ہائٹس کی تعمیر کے کیس کی سماعت ہوئی۔ لارجر بینچ نے 3 ہفتوں میں رہائشیوں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

تجوری ہائٹس کے وکیل رضا ربانی نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل جگہ خالی کرنے کو تیار ہیں، الاٹیز سے معاملات حل کرنے اور اسٹرکچر منہدم کرنے کیلئے مہلت چاہئے۔ جس پر عدالت نے بلڈر کو ریکارڈ اور سامان نکالنے کی اجازت دیتے ہوئے کمشنر کراچی کو انہدام کی نگرانی کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ایک ماہ میں اسٹرکچر گرانے کا عمل مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ الاٹیز کو تین ماہ میں معاوضہ اد ا کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ کمشنر کراچی اور بلڈر کو اسٹرکچر منہدم کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔